ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : ساحلی علاقہ میں بڑھتی ہوئی  ناقابل برداشت گرمی - تعمیراتی منصوبوں کے لئے جنگلات اور پہاڑوں کو تباہ کرنے کا نتیجہ 

منگلورو : ساحلی علاقہ میں بڑھتی ہوئی  ناقابل برداشت گرمی - تعمیراتی منصوبوں کے لئے جنگلات اور پہاڑوں کو تباہ کرنے کا نتیجہ 

Sat, 30 Apr 2022 13:47:50    S.O. News Service

منگلورو، 30 ؍ اپریل (ایس او نیوز) ساحلی علاقوں میں شدید گرمی کی وجہ سے لوگوں کے لئے گھر سے باہر نکلنا دشوار ہوگیا ہے ۔ اکثر علاقوں میں درجہ حرارت 35 سے 36 ڈگری سلسیس تک پہنچ گیا ہے ۔ جنوبی کینرا میں کل جمعہ کے دن سب سے زیادہ گرمی محسوس کی گئی ۔ حالانکہ اس ضلع کو سمندر، ندیوں اور جنگلوں نے گھیر رکھا ہے اس کے باوجود اتنی شدید گرمی کی وجہ سے لوگ حیران ہوگئے ہیں ۔ 
    
جنوبی کینرا میں ویسے بھی اپریل اور مئی کے مہینے میں ہمیشہ گرمی کی شدت اپنے عروج پر رہتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل 29 اپریل 2022 کو ضلع جنوبی کینرا میں صبح 8.30 بجے درجہ حرارت 36 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا - اگر ہم گزشتہ کچھ برسوں کا ریکارڈ دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ 27 اپریل 2013 اور 21 اپریل 2021 کو یہاں پر سب سے زیادہ گرمی دیکھنے کو ملی تھی جو کہ 37.5 ڈگری سیلسیس تھی ۔ اسی طرح 8 اپریل 2021 کو درجہ حرارت  36.4 ڈگری اور 16 اپریل 2019 کو 36.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ 
    
ادھر اڈپی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اس ضلع میں درجہ حرارت 34 سے 35 ڈگری سیلسیس کے درمیان چل رہا ہے ، لیکن گرمی کی شدت اتنی زیادہ ہے کہ باہر نکلنے پر 42 اور 44 ڈگری حرارت کا احساس ہوتا ہے ۔ کل جمعہ کے دن یہاں پر درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 35.4 ڈگری اور کم از کم 25.4 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔  
    
ایک طرف دیکھا گیا ہے کہ گرمی کی شدت اس وجہ سے بھی لوگوں کو تعبان کر رہی ہے کیونکہ ہوا میں پائی جانے والی رطوبت (ہیومیڈیٹی) میں بھی بہت زیادہ کمی آگئی  ہے ۔ 

قدرتی ماحول میں یہ جو بگاڑ آیا ہے اس کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ انسان کی اپنی حرکتوں کا نتیجہ ہے ۔ تعمیراتی منصوبوں کے نام پر جنگلات اور پہاڑوں کو کاٹنے اور آبادیوں کی توسیع کے نام پر فلک بوس عمارتوں کی شکل میں 'کانکریٹ جنگل' کا جال پھیلانے کی وجہ سے فطری ماحولیاتی توازن پوری طرح بگڑ گیا ہے اور اس کا انتہائی سنگین اثر موسموں پر پڑ رہا ہے ۔ 


Share: